واشنگٹن ۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی سفارت کار نے بتایا کہ وینزویلا کے تیل برآمد کرنے پر امریکی تحدیدات کیلئے ہندوستان سے بھی قابل لحاظ تعاون حاصل ہورہاہے ۔ امریکہ نے لاطینی امریکی ملک کی مادورو حکومت پر اپنا پھندہ کسنا شروع کیا ہے ۔ وینزویلا کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے ایلیٹ ابرامس نے ایک نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ہندوستانی کمپنیوں سے مسلسل روابط ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت ہند سے بھی ہمارے اچھے روابط ہیں اور ہمیں یہ محسوس ہورہا ہے کہ ہندوستان کا تعاون بھی ہمارے ساتھ شامل ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ سے صدر نکولس مادورو کے خلاف اپوزیشن قائد جوآن گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کیا ہے ۔ ہندوستان کی بیشتر کمپنیوں نے وینزویلا سے تیل کی درآمد بند کردی ہے ۔