برج ٹاؤن ( بارباڈوز) ، 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز نے نامساعد صورتحال اور بگڑتی پچ سے کسی طرح نمٹتے ہوئے انگلینڈ کے مقابل تیسرے و آخری ٹسٹ کے تیسرے روز سیریز مساوی (1-1) کردینے والی پانچ وکٹ کی فتح مکمل کرلی۔ دورہ کنندگان کو اُن کی دوسری اننگز میں 123 پر ڈھیر کردینے کے بعد 192 کا مشکل ٹارگٹ مقرر ہونے پر ڈارن براوو اور جرمین بلیک ووڈ کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے 108 رنز کی رفاقت نے گزشتہ روز میچ کا رُخ کریبی ٹیم کے حق میں فیصلہ کن طور پر پلٹ دیا۔ اس کے نتیجے میں انھیں انگلینڈ کے مقابل 2009ء سیریز کے پہلے میچ منعقدہ کنگسٹن، جمائیکا کے بعد اپنی اولین جیت کا جشن منانے کا موقع فراہم ہوا۔ براوو کی سوجھ بوجھ والی 82 کی اننگز جو اُن کی 11 ویں ٹسٹ ہاف سنچری ہوئی، تب ختم ہوگئی جب انھوں نے بین اسٹوکس کی گیند پر وکٹری شاٹ لگانے کی کوشش کی اور اسٹوارٹ براڈ نے مڈآف پر کیچ لیا۔ جیت کیلئے ضابطے کی تکمیل پہلی اننگز میں 85 کا ٹاپ اسکور کرنے والے بلیک ووڈ (47*) نے کی، جنھیں ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا اور انگلش پیس بولر جیمز اینڈرسن کو سیریز ایوارڈ ملا۔ سیریز کا پہلا ٹسٹ نارتھ ساؤنڈ میں ڈرا ہوا جبکہ سینٹ جارجس میں دوسرا ٹسٹ انگلینڈ نے 9 وکٹ سے جیتاتھا۔