وشاکھاپٹنم۔ 26 جنوری (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا مطالبہ کرتے ہوئے خاموش احتجاج کا منصوبہ بنانے والوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ یہ احتجاجی فیس بُک اور دیگر سوشیل میڈیا پلیٹ فارم کی مدد سے ’’جلی کٹو‘‘ طرز کا احتجاج کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے ایک دن پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔ آج جیسے ہی احتجاجی عوام یہاں پہونچے، کسی کو بھی اجازت نہیں دی گئی۔ پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی تھی اور 100 سے زائد افراد بشمول تلگو اداکار سمپورنیش بابو کو حراست میں لے لیا گیا۔ فلم اداکار اور جن سینا کے سربراہ پون کلیان نے اس مہم کی شروعات کرتے ہوئے نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ جلی کٹو تحریک کی طرح یہاں بھی احتجاج کریں۔ جگن موہن ریڈی نے بھی موم بتی احتجاج کا اعلان کیا تھا۔