ہنوئی ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویتنام کے جنوبی تجارتی مرکز ہوچی میٹھ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں آتشزدگی کے واقعہ میں 13 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء حکام نے بتایا کہ کرینا پلازہ نامی فلک بوس عمارت میں نصف شب کے وقت آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جو نچلی منزلوں سے شروع ہوئی اور اوپری منزلوں تک پہنچ گئی۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے سے ہوئی ہیں کیونکہ افراتفری کے عالم میں لوگ آگ سے بچنے کیلئے نچلی منزلوں سے اوپری منزلوں کی جانب دوڑنے لگے تھے۔ 13 افراد کو جس وقت باہر نکالا گیا تو وہ فوت ہوچکے تھے جبکہ زائد از ایک درجن افراد زخمی ہیں جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا ہنوز پتہ نہیں چلا ہے البتہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ متاثرہ عمارت کے آس پاس کئی جلی ہوئی موٹر سائیکلیں اور دیگر ملبہ جمع ہوگیا ہے جسے آتش فروع عملہ صاف کررہا ہے۔