ویان ڈرائیور 22.5 کروڑ لیکرفرار

نئی دہلی 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت دہلی کے جنوب مغربی گووند پوری علاقہ میں رقم منتقل کرنے والی ایک ویان کا ڈرائیور تقریباً 22.5 کروڑ روپئے کے ساتھ فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ 5.45 بجے اُس وقت پیش آیا جب ویان کے مسلح گارڈ نے ڈرائیور کو گووند پوری میٹرو اسٹیشن کے قریب حوائج ضروریہ کے لئے گاڑی روکنے کی ہدایت دی۔ اُس کے واپس آنے تک ڈرائیور گاڑی کے ساتھ فرار ہوچکا تھا۔ ایکسیس بینک کے عہدیداروں نے پولیس کو اطلاع دی اور بتایا کہ اس ویان میں 22.5 کروڑ روپئے کی رقم تھی۔ پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ایک پٹرول پمپ کے قریب ویان برآمد کرلی لیکن ڈرائیور اور ویان میں نقد رقم غائب تھی۔