وکرم گوڑ فائرنگ کیس ‘تین حملہ آور گرفتار ‘ 2 کی تلاش جاری

خود وکرم نے قرض سے پریشان ہوکر نندو نامی ساتھی کی مدد سے ڈرامہ رچا ‘ پولیس کو شبہ
حیدرآباد یکم / اگست (سیاست نیوز) سابق وزیر مسٹر مکیش گوڑ کے فرزند وکرم گوڑ پر فائرنگ کا معمہ تقریباً حل ہوچکا ہے اور پولیس نے اس سلسلہ میں تین حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دو کی تلاش مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں جاری ہے ۔ اس معاملے میں وکرم گوڑ کا رول واضح ہوتا نظر آرہاہے ۔ پولیس نے حملے کا ڈرامہ رچنے والے شخص کی نشاندہی نندو کی حیثیت سے کی ہے ۔پولیس کل اس سلسلے میں گرفتاریوں کا اعلان کرسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نندو نے وکرم گوڑ کی مبینہ ایما پر یہ حملہ اننت پور کی ایک ٹولی سے کروایا تھا اور فی حملہ آور 50 ہزار روپئے نقد رقم دی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ حملہ میں جملہ 5 حملہ آوروں نے حصہ لیا جن میں تین کو پہلے ہی حراست میں لیا جاچکا ہے ۔ پولیس کی اب تک کی تحقیقات میں یہ واضح ہوچکا ہے کہ سابق وزیر کے فرزند وکرم گوڑ کچھ عرصہ سے شدید معاشی بحران کا شکار ہیں اور فینانسرس کی جانب سے قرض کی ادائیگی کیلئے دباؤ میں اضافہ ہوا ہے ۔ موجودہ حالات میں اپنے ارکان خاندان کی جانب سے بھی مدد نہ ملنے کے سبب اور فینانسروں کی ہراسانی سے بچنے وکرم گوڑ نے اپنے قریبی ساتھی نندو کو سپاری گیانگ کی شکل میں حملہ کروانے کا منصوبہ تیار کیا ۔ نندو نے اننت پور کے مدھو ، مرلی ، راج شیکھر کو اس آپریشن کی ذمہ داری دی اور /28 جولائی کو حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا لیکن اس آپریشن کو شہر کے کسی عوامی مقام پر انجام نہ دینے کا مشورہ دیا ۔ چونکہ انہیں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ پکڑا جاسکتا ہے ۔ چنانچہ نندو نے وکرم گوڑ کے مکان پر فرضی حملہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جس کے تحت وکرم گوڑ پر رات دیر گئے حملہ آور مرلی نے پہلے ایک راؤنڈ فائر کیا اور وکرم گوڑ کی جانب سے کہنے پر دوسرا راؤنڈ بھی فائر کیا گیا ۔ حملے کے بعد ٹولی نے فلم نگر سے گزرتے ہوئے حملے میں استعمال کی گئی بندوق کو ’ کتہ چیرو‘ تالاب میں پھینک کر اولڈ ممبئی روڈ نانک رام گوڑہ پہونچ گئے اور آؤٹر رنگ روڈ کی سرویس روڈ سے فرار ہوگئے ۔ کیس کی تحقیقات میں شامل پولیس کی خصوصی ٹیمیں بشمول کمشنر ٹاسک فورس نے اننت پور ، کرناٹک سے مدھو مرلی اور راج شیکھر کو حراست میں لیکر شہر منتقل کیا ۔ اس آپریشن میں ملوث مزید دو ملزمین کی تلاش مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں جاری ہے اور حملے میں استعمال کی گئی بندوق کو تالاب سے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ۔پولیس کیلئے یہ کیس چیلنج بن گیا تھا اور یہ واقعہ حساس نوعیت ہونے کے سبب پولیس نے ہر زاویہ سے تحقیقات کی۔ بنجارہ ہلز پولیس میں درج مقدمہ میں ترمیم کرنے قانونی ماہرین سے رائے لی جارہی ہے اور وکرم گوڑ کو دواخانہ سے ڈسچارج کے بعد گرفتار کئے جانے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ وکرم گوڑ کی بیوی شیپالی مُلا نے بنجارہ ہلز پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ بتایا کہ ان کے شوہر کو نامعلوم بندوق برداروں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا جب وہ رات دیر گئے ایک درگاہ کو جانے والے تھے۔