نئی دہلی۔ 27؍اپریل (سیاست ڈاٹ کام)۔ گجرات کے مثالی نمونہ پر نریندر مودی پر گاندھی خاندان کی تنقیدوں کے دوران بی جے پی نے آج جوابی وار کرتے ہوئے ایک ویڈیو اور ایک کتابچہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کے اراضی سودوں کے بارے میں جاری کیا جس کا عنوان ’’رابرٹ وڈرا کا ترقی کا نمونہ‘‘ رکھا گیا ہے، الزام عائد کیا گیا ہے کہ مثالی نمونہ اس لئے کامیاب ہوا، کیونکہ گاندھی خاندان نے رابرٹ وڈرا کی سرپرستی کی تھی۔ بی جے پی قائد روی شنکر پرساد نے کہا کہ اراضی اور ماحولیات سے متعلق قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی، لیکن گاندھی خاندان کے اثر و رسوخ نے وڈرا کو اراضی سودوں کے ذریعہ خطیر رقمیں حاصل کرنے میں مدد کی۔ 8 منٹ طویل ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ وڈرا کے کاروباری سودوں میں گاندھی خاندان نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ان کی کیسے مدد کی تھی۔