ووٹوں کی گنتی کے شہر میں 15 مراکز کا قیام

اضلاع میں 30 مراکز پر رائے شماری : سی ای او رجت کمار کا بیان
حیدرآباد 9 ڈسمبر ( این ایس ایس ) الیکشن کمیشن نے آج 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی کے مراکز کا اعلان کیا ہے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے میڈیا کے سامنے ان مراکز کی فہرست پیش کی اور کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا سارا کام منظم انداز میں کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ 30 اضلاع میں گنتی کے 30 مراکز ہونگے جبکہ حیدرآباد میں جملہ 15 مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔ 119 رکنی تلنگانہ اسمبلی کیلئے 7 ڈسمبر کو رائے دہی ہوئی تھی ۔ 11 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ کہا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی 8 بجے صبح شروع ہوگی اور 12 بجے دو پہر تک نتائج سامنے آنے شروع ہوجائیں گے ۔ حیدرآباد میں جملہ 15 مراکز پر ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ ملک پیٹ حلقہ کی گنتی عنبرپیٹر جی ایچ ایم سی گراونڈ پر ہوگی ‘ کاروان حلقہ کے ووٹوں کی گنتی گورنمنٹ پالی ٹکنک کالج مانصاحب ٹینک پر ہوگی ‘ گوشہ محل حلقہ کی وومنس کالج کوٹھی پر ‘ عنبر پیٹ حلقہ کی گنتی بی وی آر ریڈی کالج نارائن گوڑہ پر ‘ خیریت آباد اور جوبلی ہلز حلقہ کے ووٹوں کی گنتی کے وی بی ریڈی اسٹیڈیم یوسف گوڑہ پر ‘ صنعت نگر ووٹوں کی گنتی عثمانیہ یونیورسٹی کامرس بلڈنگ تارناکہ پر ‘ یاقوت پورہ حلقہ کی گنتی ونیتا کالج نمائش میدان پر ہوگی ‘ چندرائن گٹہ کی گنتی نظام کالج لائبریری بلڈنگ میں ہوگی ‘ بہادر پورہ حلقہ کی گنتی سنکیتریکا ودیا بھون مانصاحب ٹینک پر ہوگی جبکہ سکندرآباد کی گنتی پی جی آر فاصلاتی تعلیم عثمانیہ یونیورسٹی اور کنٹونمنٹ حلقہ کی گنتی سی ایس آئی آئی ٹی ویسیلی کالج پر ہوگی ۔ تمام اضلاع میں بھی گنتی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

ووٹوں کی گنتی کے موقع پر امتناعی احکام نافذ
حیدرآباد ۔ /9 ڈسمبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے /11 ڈسمبر کو رائے شماری کے موقع پر دونوں شہروں میں امتناعی احکامات نافذ کردیئے ۔ شہر حیدرآباد میں 15 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی مختلف مقامات پر کی جائے گی جس کے پیش نظر پولیس نے احتیاطی طور پر 5 سے زائد افر اد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی اور امتناعی احکامات /11 ڈسمبر صبح 6 بجے تا /12 ڈسمبر صبح 6 بجے تک عمل میں رہیں گے ۔ احکامات کے بموجب اس دوران پٹاخے جلانا ، عوامی جلسے ، جلوس اور ریالیوں پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔