کاراکس، 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وینزویلا کے صدر نکولس مادرو نے کہا ہے کہ روس آئندہ ہفتے سے ملک کو ادویات کی سپلائی شروع کرے گا، جس میں کئی ٹن ادویات ہوں گے ۔مسٹر مادرو نے وینزویلا کی فارماسیوٹیکل صنعت کی ترقی کے لئے وقف قومی پروگرام کو دوبارہ آغاز کے موقع پر بدھ کو یہ بات کہی۔ اس جنوبی امریکی ملک میں لوگ اس وقت ضروری سامانوں کی زبردست قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔مسٹر مادرو نے کہا کہ وینزویلا دواسازی کی اپنی ضرورت کا 70 فیصد خود پیدا کرتا ہے ۔ انہوں نے بیلاروس، چین، ایران، روس اور ترکی جیسے وینزویلا کے اہم ساتھی ممالک سے ادویات کی فراہمی کی توقع ظاہر کی ہے ۔ قابل غور ہے کہ وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ہو رہے ملک گیر احتجاج کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندی لگانے کے علاوہ کہا ہے کہ وہ فوجی متبادل پر غور کر رہا ہے ۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔امریکہ کے علاوہ اب تک کینیڈا، ارجنٹائنا، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، پنامہ، پیراگوئے اور پیرو سمیت 54 ممالک نے حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو کو وینزویلا کے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ وینزویلا میں ہزاروں لوگ موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت مسٹر گوائیڈو کر رہے ہیں۔ جنوری کے آغاز میں مسٹر مادرو نے صدر کے طور پر اپنی دوسری مدت کا حلف لیا تھا۔ مادرو پر انتخابات میں دھاندلی کرنے کے الزام عائد کئے گئے تھے۔