واشنگٹن ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ونیزویلا پر دباؤ میں اضافہ کرتے ہوئے صدر نیکولس مادورو کو ان کے ملک پر تحدیدات عائد کرنے کا سخت لب و لہجہ میں انتباہ دیا۔ان کے اندرونی حلقہ اور بیوی کو بھی ونیزویلا پر تحدید عائد کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ کاراکس میں ایک جابر حکومت ہے جو انسانی سانحوں کی ذمہ دار ہے ۔ یہ ملک کبھی تیل کی دولت سے مالا مال تھا لیکن فوج نے اس کی حکومت کا ابتدائی دنوں میں ہی تختہ الٹ دیا ۔ اس کے بعد فوج نے ہمیشہ اس کے مستقبل کا فیصلہ کیا ۔ فوجی اندازِ فکر سے کسی بھی ملک کی فلاح و بہبود ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ کہنے پر مجبور ہوگیا ہوں کہ اگر ونیزویلا کی حکومت اپنا موجودہ رویہ برقرار رکھے تو امریکہ اس پر تحدیدات عائد کرنے پر مجبور ہوجائے گا ۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ ان کی دھمکی کی خبر نامور کثیرالاشاعت روزنامہ نیویارک ٹائمز نے شائع کی ہے ۔ مبینہ طور پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ونیزویلا کے عوام میںزیادہ انسانیت کا رجحان دیکھا جارہا ہے ۔ لیکن حکومت کو عوام کے رجحان کی کوئی پرواہ نہیں ہے ۔