ونیزوئیلا میں برتن پیٹ کر صدر کے خلاف احتجاج

کاراکاس۔ 9؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ ونیزوئیلا میں غذائی اجناس کی مستقل قلت کے خلاف پکوان کے برتنوں کو پیٹ پیٹ کر لاکھوں افراد نے دارالحکومت کاراکاس کی سڑکوں پر صدر نکولس مادورو کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا۔ احتجاجی بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ جلوس میں اکثریت خواتین کی تھی جنھوں نے اپنے پکوان کے برتن حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کے لئے استعمال کئے تھے۔ احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے پُرتشدد جرائم اور اشیائے ضروریہ کی قلت کی وجہ سے ان کی زندگی مصائب کا شکار ہوگئی ہے۔ مادورو اپریل 2013ء کے انتخابات میں صدر منتخب ہوئے تھے۔