نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے سے موصولہ خبر کے بموجب ہندوستان کی تیز ترین ٹرین وندے بھارت ایکسپریس کی آئندہ دس دنوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ مذکورہ ٹرین اپنے افتتاحی سفر وارناسی سے دہلی ہفتہ کو واپس ہوچکی ہیں جبکہ اس ریل خدمات کے آغاز کے چند گھنٹوں میں ہی آئندہ دس دنوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔ یاد رہیکہ وندے بھارت ایکسپریس اپنے افتتاحی سفر کے چند گھنٹوں بعد ہی تکنیکی مسائل کا شکار ہوگئی تھی جس کے بعد عہدیداروں اور تکنیکی ماہرین نے اس کا چارجنگ کیبل اور پہیوں کے علاوہ بریکنگ سسٹم میں آنے والی خامیوں کو دور کیا۔ یہ ٹرین ہفتہ میں پانچ دونوں کے دوران اپنی خدمات انجام دے رہی ہے جبکہ پیر اور جمعرات کو یہ ٹرین دستیاب نہیں رہے گی۔ عہدیداروں کے بموجب منگل کے سفر کیلئے ٹرین 121 فیصد بک ہوچکی ہیں جبکہ چہارشنبہ کیلئے 112 فیصد، جمعہ کیلئے 109 اور ہفتہ کیلئے 114 فیصد بک ہوچکی ہے۔ نیز 24 فبروری تا 3 مارچ تک 104 فیصد بک ہوچکی ہے۔