ریاض، 25 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولی عہد پرنس محمد بن سلمان نے خشوگی قتل سانحہ پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ ‘واشنگٹن پوسٹ’ کے لئے لکھنے والے صحافی جمال خشوگي کاقتل سنگین جرم ہے اور اس سے پورا ملک غمزدہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا اور ترکی کے ساتھ تحقیقات میں تعاون دینے سے متعلق تمام ضروری کارروائی مکمل کر لی گئی ہے ۔مسٹر محمد بن سلمان نے یہاں جاری بزنس فورم ‘فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو’ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہاکہ خشوگی کاقتل سنگین جرم ہے اور اسے کبھی بھی جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا. اس واقعہ سے پورا ملک مجروح ہواہے ۔ ترکی حکومت کے ساتھ تحقیقات میں تعاون دینے کے لئے تمام قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے ۔بی بی سی کے مطابق مسٹر سلمان نے کہاترکی کے ساتھ تعلقات میں تلخی نہیں آنے دی جائے گی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو کسی بھی حال میں متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ نہایت ہی گھناؤنا جرم ہے اور اس کی کوئی معافی نہیں ہے اور ساتھ ساتھ عہد کیا کہ وہ تمام لوگ جو اس جرم میں ملوث ہیں ان سب کو سزا ملے گی اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔ترکی سے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان سے روابط اچھے ہیں لیکن چند افراد ان حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن میرا ان کے لیے پیغام ہے کہ وہ ایسا کبھی نہیں کر سکیں گے ۔