لیگل ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ساتھ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے لیگل ڈپارٹمنٹ کو پابند کیا ہے کہ وہ تمام مقدمات کے حلفنامے کی تیاری کا کام ہائیکورٹ کی تعطیلات کے دوران مکمل کرلیں۔ محمد سلیم نے آج لیگل سیکشن کے علاوہ دیگر متعلقہ سیکشن کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور مختلف عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کے موقف کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے مقدمات کی یکسوئی میں تاخیر پر ناراضگی جتائی اور کہا کہ بورڈ کی جانب سے حلفنامے داخل کرنے میں تاخیر کے سبب عدالتوں میں وقف بورڈ کو ناکامی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے اسٹانڈنگ کونسلس نے شکایت کی کہ مقدمات کے کاؤنٹرس کی تیاری میں لیگل ڈپارٹمنٹ تساہل سے کام لے رہا ہے۔ مقدمہ کی پیروی کے وقت حلفنامہ داخل نہ کرنے کے سبب مقدمات کے فیصلے فریق ثانی کے حق میں ہوسکتے ہیں۔ محمد سلیم نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ بعض اہم مقدمات میں کاؤنٹرس داخل کرنے میں تاخیر کے سبب بورڈ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسی بھی شکایات ملی ہیں کہ بورڈ کا اندرونی عملہ غیر مجاز قابضین سے ملی بھگت کے ذریعہ کاؤنٹرس داخل کرنے میں تاخیر کر رہا ہے ۔ گزشتہ دنوں ٹپال سیکشن کا اچانک معائنہ کرنے پر عدالت سے متعلق کئی نوٹسیں پائی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹپال سیکشن سے ملی بھگت کے ذریعہ عدالت کی نوٹسوں کو متعلقہ عہدیداروں تک نہیں بھیجا گیا۔ محمد سلیم نے کہا کہ ان ورڈ سیکشن میں کوئی بھی درخواست ہو یا نوٹس 24 گھنٹے کے اندر متعلقہ سیکشن کو پہنچادی جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مختلف عدالتوں میں 2500 مقدمات زیر دوران ہیں۔ وقف بورڈ میں 4 لاء آفیسرس ہیں جن میں ایک بھی مستقل ملازم نہیں۔ بعض لاء آفیسرس بورڈ سے ریٹائرڈ ہوئے اور ایک آفیسر کا تعلق محکمہ مال سے ہے۔ محمد سلیم نے لیگل ڈپارٹمنٹ کو مستحکم کرنے کیلئے ماہرین قانون کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ ہائی کورٹ کی جاریہ تعطیلات میں تمام مقدمات کے حلفنامے تیار کرلئے جائیں۔ انہوں نے وقف انسپکٹرس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔