وقف جائیدادوں کے تحفظ اور مقدمات کی یکسوئی کیلئے وقف بورڈ میں پروٹیکشن اینڈ ویجلنس کمیٹی کی تشکیل

ریٹائرڈ پولیس عہدیداروں کی خدمات کا حصول ، کمیٹی کی قیادت محمد عظمت اللہ خاں موظف ڈی ایس پی کریں گے
حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور مختلف پولیس اسٹیشنوں میں درج کردہ مقدمات کی موثر یکسوئی کیلئے وقف بورڈ میں پولیس عہدیداروں پر مشتمل تین رکنی پروٹیکشن اینڈ ویجلنس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ریٹائرڈ ڈی ایس پی رتبہ کے عہدیدار کی نگرانی میں یہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں مزید دو ریٹائرڈ پولیس عہدیدار شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جلال الدین اکبر نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں زیر التواء معاملات کی عاجلانہ یکسوئی اور مقدمات کی موثر پیروی کیلئے ریٹائرڈ پولیس عہدیداروں کی خدمات کے حصول کو ضروری سمجھا ہے۔ اس کمیٹی کی قیادت ریٹائرڈ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس جناب محمد عظمت اللہ خاں کریں گے جبکہ ان کے تحت ریٹائرڈ سب انسپکٹر جناب عبدالسلیم اور ریٹائرڈ اسسٹنٹ سب انسپکٹر جناب سید خلیل احمد خدمات انجام دیں گے۔ وقف بورڈ میں ان کیلئے علحدہ آفس قائم کیا جارہا ہے۔ اگرچہ اس کمیٹی نے اپنی ذمہ داری سنبھال لی تاہم علحدہ آفس کی عدم موجودگی کے باعث وہ دوسرے دفتر سے کام کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں وقف قواعد کی بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں بورڈ کی جانب سے کئی مقدمات درج کئے گئے اور کئی اداروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تاہم ان معاملات میں سُست رفتاری کو دیکھتے ہوئے ریٹائرڈ پولیس عہدیداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ سابق پولیس عہدیدار ان معاملات کی جانچ کریں گے جو اسپیشل آفیسر کی جانب سے انہیں تفویض کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پولیس تحقیقات کے سلسلہ میں بھی وہ وقف بورڈ کی جانب سے تحقیقاتی آفیسرس کی اعانت کریں گے۔ 6ماہ کی مدت کیلئے ان عہدیداروں کا تقرر کیا گیا۔ اس کمیٹی کو وقف بورڈ کی جانب سے مکمل مواد کی فراہمی کے سلسلہ میں ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے تقرر کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔