وقف جائیدادوں کی تباہی کے خلاف کل دفتر سیاست میں احتجاجی جلسہ عام

صدارت جناب زاہد علی خاں کریں گے ، دکن وقف پروٹیکشن سوسائٹی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : ملک بھر میں ہورہی وقف جائیدادوں کی تباہی بالخصوص ٹولی مسجد کی 27 ایکڑ سے زائد موقوفہ اراضی پر مبینہ قبضہ کرنے والے سیاسی لینڈ گرابرس کی جانب سے کئی شادی خانوں کی مسلسل ناجائز تعمیرات کے علاوہ ٹولی مسجد کے 7000 مربع گز مسلم قبرستان کو ملت فروش لینڈ گرابرس کی مجرمانہ سازش سے شمشان گھاٹ بنادئیے جانے اور اس سلسلے میں حکومت کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف 27 مئی کو بعد نماز مغرب احاطہ روزنامہ سیاست میں کل جماعتی احتجاجی جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس احتجاجی جلسہ کی صدارت جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کریں گے ۔ مہمانان خصوصی جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا ، ،جناب عثمان شہید ایڈوکیٹ ، جناب مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان ، جناب سید کریم الدین شکیل ایڈوکیٹ ، جناب عبدالقدوس غوری ایڈوکیٹ بھی اس احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ عثمان الہاجری صدر دکن وقف پروٹکشن سوسائٹی نے عامتہ المسلمین سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے ۔۔