وقف جائیدادوں پر قبضے برخاست کرانے کا عہد

چینائی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپت اللہ نے آج کہا کہ مرکز نے عہد کرلیا ہے کہ وقف جائیدادوں کے ناجائز قبضوں کو برخاست کرایا جائے۔ ان جائیدادوں کا تحفظ کرنے کے لئے سخت ترین قانون وضع کرکے ترقی دی جائے گی۔ اس سلسلے میں منعقدہ اسٹانڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں تمام ارکان نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ایک مضبوط و سخت ترین قانون بنانے کی حمایت کی تھی جیسے ہی یہ قانون منظور کرلیا جائے گا، ہم وقف جائیدادوں پر قابض افراد کا تخلیہ کرواکر ان جائیدادوں کو ترقی دیں گے۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وقف جائیدادوں کی تفصیلات کو ڈیجیٹلائیزڈ اور کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ وقف ریکارڈ کو محفوظ کرتے ہوئے انہیں ترقی دی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی بھی اس کوشش سے خوش ہیں۔ سماج وادی پارٹی لیڈر اور یوپی کے وزیر مسٹر اعظم خان کے اس بیان پر کہ آگرہ میں تاریخی تاج محل کو وقف بورڈ کے حوالے کیا جانا چاہئے، انہوں نے کہا کہ ’’تاج محل‘‘ قومی اثاثہ ہے، اس کا تحفظ کیا جائے گا۔ ایک سوال پر کہ آخر ان کی وزارت کی جانب سے مجاہد آزادی ابوالکلام آزاد کی 125 ویں تقاریب منائی گئیں، سابق وزیراعظم جواہر لال نہرو کی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابوالکلام آزاد کو ان کے مذہب کی وجہ سے منتخب نہیں کیا گیا بلکہ ہندوستان کی ترقی کے لئے ان کے نظریہ کی وجہ سے بطور خراج تقاریب منعقد کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ابوالکلام آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم تھے۔ یو جی سی اور آئی آئی ٹی شعبہ ان کی قیادت میں ہی شروع کئے گئے تھے۔ وہ ہندوستان کو ترقی دینا چاہتے تھے۔ اس لئے ان کے کاموں کی جانب توجہ دی جاکر تقاریب منعقد کی گئیں۔

متوسط طبقہ پر ٹیکس بوجھ عائد کرنے سے گریز : وزیر فینانس
نئی دہلی ۔ 22 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج کہا کہ وہ تنخواہ یاب متوسط طبقہ پر مزید ٹیکس کا بوجھ عائد کرنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن ٹیکس چوروں کو پکڑنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ درحقیقت وہ ٹیکس دہندگان کے جیب میں زیادہ سے زیادہ رقم رکھنے کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ خرچ اور وصولی کے ذریعہ مزید راست محصول حاصل کیا جاسکے ۔ جہاں تک انکم ٹیکس کا تعلق ہے ٹیکس چوری کرنے والوں کو محصول کے دائرہ کار میں لایا جائے اور وہ سنجیدگی سے کوشش کریں گے۔