نو منتخبہ صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا نمائندہ سیاست کو خصوصی انٹرویو
حیدرآباد۔26 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ رب العزت کا کرم والدین کی دعائیں عوام کی بے پناہ محبت کا ثمر ہے کہ مجھے ہر ایک بار بحیثیت صدر تلنگانہ وقف بورڈ کے صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔ متفقہ صدرنشین کی حیثیت سے سے میں وزیراعلی کے چندر شیکھر رائو و ڈپٹی چیف منسٹر محمد محموع لی صاحب کے ساتھ ساتھ بورڈ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار الحاج محمد سلیم نو منتخب صدفرنشین وقف بورڈ تلنگانہ نے نمائندہ ’’سیاست‘‘ سید جلیل ازہر کو ایک خصصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ محمد سلیم نے واضح انداز میں کہا کہ میں بورڈ سے تنخواہ، سواری خرچ سرکاری گاڑی اور کوئی بھی سہولت حاصل نہیں کرونگا بلکہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے لیے ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کا تحفظ اور ناجائز قابضین کے قبضہ سے وقف کی زمینات کو حاصل کرنا میرا اہم مقصد ہوگا۔ اگر قابضین رضاکارانہ طور پر فوری اوقافی جائیدادیں جو اللہ کی امانت ہیں ضمیر کی آواز پر وقف بورڈ کے حوالے کردیں ورنہ وقف بورڈ قانونی کارروائی کے ذریعہ وقف کی اراضیات کے قابضین کو چاہے سماج میں ان کا رتبہ کچھ بھی ہو بخشا نہیں جائے گا۔ جبکہ وزیر اعلی چندر شیکھررائو ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے ان کی ترقی کے لیے ٹھوس قدم اٹھارہے ہیں۔ ساتھ ہی وزیراعلی وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس دینے اور حکومت کے قبضے میں موجود اوقافی جائیدادوں کو وقف بورڈ کے حوالہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے ریاست تلنگانہ کے کسی بھی ضلع میں وقف اراضی پر قابضین کو وقف کی اراضی فوری وقف بورڈ کے حوالہ کردینے کی خواہش کی۔ ورنہ کسی بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے وقف بورڈ گریز نہیں کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے مشورہ دیا کہ خود کو بدل دو قسمت خود بدل جائے گی۔ اللہ کی امانت قیانت کرنے والے کبھی سکون کی نیند نہیں سوسکتے اور جب ہماری تمنا کے پائوں حاصل کی چادر سے باہر نکل جاتے ہیں تو ہمیں سکون نہیں ملتا۔ ترقی کے کئی راستہ ہیں جہد مسلسل سے کیا نہیں ہوتا۔ نیک نیتی سے محنت کرنے والوں کے کامیابی خود آگے بڑھ کر قدم چومتی ہے۔ وقف اراضیات پر قبضہ کرنا اپنے ضمیر کا قتل کرنے کے مترادف ہے۔ آخر میں محمد سلیم نے کہا کہ آج ریاست تلنگانہ کو ایک شمالی ریاست بنانے کے لیے چندر شیکھر رائو وزیر اعلی سماج کے تمام طبقات کی ترقی کے لیے شب و روز کام کررہے ہیں۔ مجھے بھی بحیثیت صدرنشین وقف بورڈ تلنگانہ کی دی گئی اس ذمہ داری کو بحسن خوبی نبھانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا کیوں کہ بورڈ کے اراکین کے ساتھ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے یہ ٹیم اپنے آپ کو وقف بورڈ کی ترقی کے لیے وقف کردے گی۔ واضح رہے کہ مسٹر محمد سلیم سابق میں بھی چار سال صدرنشین وقف بورڈ کی آندھراپردیش کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔