اسپیشل آفیسر نے ایک پیرو کار کو حج ہاوز سے باہر نکال دیا
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کے اُمور میں درمیانی افراد کی مداخلت اور پیروی کو روکنے کیلئے اسپیشل آفیسر شیخ محمد اقبال نے سخت اقدامات کئے ہیں۔ عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد انہیں درمیانی افراد اور مختلف پیرویوں کے سبب کئی تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے پیروی کیلئے آنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح کے ایک پیروکار کو آج اس وقت شیخ محمد اقبال کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ پریس کانفرنس سے قبل ان سے ملاقات کے منتظر افراد سے ملنے پہنچے۔ ایک پیروکار کو دیکھ کر وہ بھڑک اُٹھے اور اپنے گن مین اور وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مذکورہ شخص کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی جائے کیونکہ وہ مختلف وقف اراضیات کی پیرویوں کے ذریعہ بھاری رقومات حاصل کررہا ہے۔ انہیں مختلف ذرائع سے شکایات ملی تھیں کہ مذکورہ شخص بھولے بھالے افراد کو وقف بورڈ کے اُمور کی تکمیل کا لالچ دے کر رقومات اینٹھ رہا ہے۔
شیخ محمد اقبال کی برہمی سے عہدیدار اور وہاں موجود افراد حیرت میں پڑ گئے۔ انہوں نے اس پیروکار کو فوری حج ہاوز سے نکل جانے کی ہدایت دی اور اس کے ساتھ آئے ہوئے افراد کو بھی پابند کیا کہ دوبارہ حج ہاوز کے احاطہ میں نظر نہ آئیں ورنہ ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جائے گی۔شیخ محمد اقبال کی برہمی دیکھ کر وہاں موجود دیگر پیروکار بھی ملاقات کے بغیر روانہ ہوگئے۔ بعد میں اسپیشل آفیسر نے عہدیداروں سے کہاکہ اس طرح کے پیروکاروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی جائے جو عوام سے بھاری رقومات حاصل کرتے ہوئے دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں وہ کسی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے اور قواعد کی خلاف ورزی کے تحت پیروی کرنے والے افراد کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔