وقف اور ہندو اوقاف کی جائیدادوں پر ناجائز قبضہ جات کی تحقیقات کا مطالبہ

پولاورم تنازعہ کے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو ذمہ دار ، وی ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے پولاورم کے تنازعہ کے لیے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وقف جائیدادوں اور ہندو اوقاف کی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ آج پولاورم پراجکٹ کا جو بھی تنازعہ پیدا ہوا ہے اس کے لیے مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر وینکیا نائیڈو ذمہ دار ہیں ۔ راجیہ سبھا میں سیما آندھرا کے لیے ریاست کی تقسیم میں کچھ نہ ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے وینکیا نائیڈو نے گنٹور میں چندرا بابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آندھرا پردیش کی ترقی کے لیے قدرتی وسائل کا خزانہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ دونوں نائیڈو مل کر تلنگانہ کو نقصان پہونچاتے ہوئے آندھرا پردیش کو ترقی دینے کی منصوبہ بندی تیار کررہے ہیں ۔ وینکیا نائیڈو سارے ملک کے وزیر ہے مگر وہ اپنے آپ کو آندھرا پردیش کے حد تک محدود کرچکے ہیں ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ وقف جائیدادوں اور ہندو اوقاف کی قیمتی اراضیات پر ناجائز قبضے ہوگئے ہیں ۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں یہی صورتحال ہے کئی جائیدادوں کا تحفظ و نگرانی نہیں ہے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس سے اپیل ہے کہ وہ ان قیمتی اثاثہ جات کا تحفظ کرتے ہوئے اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے ضروری اقدامات کریں صرف زبانی خرچ سے کام نہیں چلتا ۔ حکومتیں حرکت میں آئے کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی اور دونوں ریاستوں میں عوامی مسائل حل کرنے کے لیے ٹی آر ایس اور تلگو دیشم پر دباؤ برقرار رکھے گی ۔۔