حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف اکسیلنس کے سالانہ جلسہ سے عمر جلیل کا خطاب
حیدرآباد۔30جنوری(پریس نوٹ) جناب عمر جلیل آئی اے ایس سکریٹری اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ وقت کے رہگزاروں پر اپنے نقوش قدم مرتب کرنے کیلئے کچھ نئے انوکھے کام کریں۔معاشرہ کو نئی نصیرت سے ہمکنار کریں یا کچھ ایسا کام کرجائیں جس سے وہ ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھے جائیں ۔جناب عمر جلیل حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف اکسیلنس وقار آباد کے پہلے سالانہ جلسہ سے مخاطب تھے۔جناب غیاث الدین بابو خان چیرمین‘ جناب عبداللہ خان عابد (شکاگو)‘ ڈاکٹر تاج احمد چیرمین تاج فائونڈیشن اور جناب جلال الدین اکبر آئی ایف ایس ڈائرکٹر مائناریٹی ویلفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔جناب عمر جلیل نے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف اکسیلنس کیمپس میں کرکٹ گرائونڈ کا افتتاح کیا۔طلبہ نے مسلم سیاستدانوں اور اسکالرس کی سائنس کے شعبہ میں خدمات پر مبنی ایک بیلے ڈانس پیش کیا۔ریاضی اور سائنس کے شعبہ میں ہندوستان کے رول پر بھی ایک اثر انگیز پروگرام پیش کیا گیا۔چیرمین جناب غیاث الدین بابو خان نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ مسابقتی جذبہ کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں ‘ اپنے کردار کو بلند کریں ‘ قومی اور ریاستی سطح کے مسابقتی امتحانات میں حصہ لیں۔آخر میں طلبہ نے کلچرل پروگرام بھی پیش کیا۔