پولیس نے احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا، احتجاج کی اجازت سے انکار
حیدرآباد ۔ 12۔ مارچ (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ وشویشور ریڈی نے وقار آباد ضلع سے ناانصافیوں کے خلاف ایک روزہ بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔ تاہم پولیس نے اجازت نہیں دی۔ وشویشور ریڈی سمیت دیگر قائدین کو حراست میں لے لیا گیا۔ وقار آباد آر ڈی او آفس کے قریب بھوک ہڑتال کا آغاز کیا گیا تھا جس میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور سابق ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی اور پرساد کمار کے علاوہ مقامی قائدین شریک تھے ۔ پولیس نے کہا کہ بھوک ہڑتال کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ لہذا بھوک ہڑتال کیمپ سے قائدین کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتاری کے موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی۔ گرفتاری کے بعد وقار آباد پولیس اسٹیشن میں وشویشور ریڈی اور دیگر قائدین نے اپنی بھوک ہڑتال کو جاری رکھا۔ وشویشور ریڈی چیوڑلہ کو چارمینار زون میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور وقار آباد تک ایم ایم ٹی ایس ریل کو توسیع دینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگا ریڈی اضلاع کے لئے پانی کے مسائل کی یکسوئی اور وقار آباد کو سیٹلائیٹ سٹی کا وعدہ مکمل نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وشویشور ریڈی نے ٹی آر ایس چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے امیدواری کے اعلان سے قبل ہی وشویشور ریڈی کی انتخابی مہم تیز ہوچکی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے سابق رنگا ریڈی ضلع کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔