حیدرآباد ۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا و وہپ مسٹر ایم اے خان نے ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کے وفادار کارکنوں کو ٹکٹ دینے کے تعلق سے راہول گاندھی کی جانب سے تیار کردہ حکمت عملی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کے حقیقی کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ مسٹر ایم اے خان نے کہا کہ عام آدمی کو اہمیت دینے کا کلچر کانگریس پارٹی نے ایجاد کیا ہے۔ آزادی کے بعد سے آج تک کئی عام آدمی اسمبلی پارلیمنٹ کونسل اور راجیہ سبھا کے ارکان بنے ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر مسٹر راہول گاندھی نے پارٹی میں دوبارہ نئی جان ڈالنے کیلئے صاف ستھرے اور عوامی خدمات کا بے داغ ریکارڈ رکھنے والے کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل ستائش ہے کیونکہ عوام کے درمیان پارٹی کارکن رہتے ہیں اور عوامی نبض وہ بہتر جانتے ہیں۔
اگر ایسے کارکنوں کو اہمیت دی جائے یا ان کی رائے پر پارٹی امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے تو پارٹی پھر سے سارے ملک میں حکمرانی کی حقدار بن جائے گی۔ مسٹر ایم اے خان نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کو قائدین آج آسانی سے دستیاب ہوجاتے ہیں۔ پارٹی کے کارکنوں کو تیار کرنا بہت بڑی بات ہے۔ راہول گاندھی کا نظریہ کانگریس پارٹی کیلئے برسوں سے خدمات انجام دینے والے کارکنوں کیلئے امید کی کرن بن گیا ہے۔ پارٹی کو استحکام کرنے کیلئے یہ نعرہ جوش و خروش کا سبب بن رہا ہے۔ سارے ملک میں کانگریس کے کارکن انہیں پارٹی میں اہمیت ملنے پر بے حد خوش ہیں۔ کانگریس پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو عام آدمی کو ایوانوں کیلئے منتخب کرتی ہے جس کی مثال وہ (ایم اے خان) خود ہیں جن کی 40 سالہ خدمات پر پارٹی نے انہیں راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا ہے۔