وشویشور ریڈی کی پروفیسر کودنڈا رام سے ملاقات

انتخابات میں تائید کی اپیل، جمہوریت کے استحکام کیلئے کانگریس کی تائید ضروری
حیدرآباد ۔ 2۔ اپریل (سیاست نیوز) چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے امیدوار کونڈہ وشویشور ریڈی نے آج تلنگانہ جنا سمیتی کے دفتر پہنچ کر پروفیسر کودنڈا رام اور دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ انہوں نے چیوڑلہ میں کانگریس پارٹی کی تائید کی اپیل کی۔ اس موقع پر وشویشور ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے چیوڑلہ اور اطراف کے علاقوں سے جو وعدے کئے تھے، ان کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ڈبل بیڈروم فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن بجٹ میں اس کیلئے رقومات مختص نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پھر ایک مرتبہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں انہوں نے ایک خاندان کے 6 افراد کی حکمرانی نہیں دیکھی ہے۔ عوام کے مسائل کو پس پشت ڈال کر کے سی آر کے ارکان خاندان اپنے مفادات کی تکمیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ کم سیاسی تجربہ رکھتے ہیں لیکن حلقہ کی ترقی کیلئے تمام سنجیدہ قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جنا سمیتی کی تائید اہمیت کی حامل ہے اور وہ یقینی طور پر کامیاب ہوں گے ۔ میرے لئے نہ سہی جمہوریت کے استحکام کیلئے کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا جانا چاہئے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے موجودہ حالات میں تلنگانہ جنا سمیتی کے موقف کی وضاحت کی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی جنا سمیتی کے امیدوار نہیں ہیں، وہاں کانگریس امیدواروں کی تائید کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ عوام اسمبلی انتخابات کی طرح دولت اور طاقت کا شکار نہیں ہوں گے ۔ اس موقع پر تلنگانہ جنا سمیتی قائدین نے وشویشور ریڈی کو تہنیت پیش کی۔