وشاکھاپٹنم کے 15 افراد عراق میں پھنس گئے

وشاکھاپٹنم 24 جون (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے ضلع وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے تقریباً 15 افراد گڑبڑ زدہ ملک عراق میں پھنس گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر (ڈی آر او) ایم وینکٹیشور راؤ نے کہاکہ ’’حکومت ہند نے 16 افراد کے پتے ضلع انتظامیہ کو روانہ کئے ہیں اور توثیق طلب کی ہے کہ آیا اِن کا تعلق ضلع وشاکھاپٹنم سے ہے اور ضلع انتظامیہ نے یہ توثیق کی ہے کہ 15 افراد کا تعلق اِس ضلع سے ہے جو عراق میں پھنسے ہوئے ہیں‘‘۔ وینکٹیشور راؤ نے کہاکہ ضلع انتظامیہ نے اِس بات کا نوٹ لیا ہے کہ مرکز کی طرف سے فراہم کردہ 16 ناموں پر مشتمل فہرست میں ایک نام دو مرتبہ شامل کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز نے ضلع کلکٹر کو ہدایت کی ہے کہ تحصیلداروں کے توسط سے اِن افراد کی تفصیلات جمع کی جائیں تاکہ وہ اُنھیں واپس لانے کیلئے ضروری اقدامات کرسکیں۔ حکومت آندھراپردیش نے ریاست کے 61 افراد کو بچانے کے لئے مرکز سے درخواست کی تھی۔