وسندھرا راجے کی آج امیت شاہ و راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا امکان

للت مودی تنازعہ کے بعد چیف منسٹر راجستھان کے عہدہ پر برقراری کے تعلق سے تبادلہ خیال کی قیاس آرائی
نئی دہلی 18 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) للت مودی تنازعہ میں چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سندھیا کی علیحدگی کے اپوزیشن کے مسلسل مطالبہ اور دباؤ کے دوران امکان ہے کہ وسندھرا راجے سندھیا کل پنجاب میں آنند پور صاحب میں ایک تقریب کے موقع پر پارٹی صدر امیت شاہ اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرینگی ۔ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ بی جے پی قیادت آیا وسندھرا راجے سے ان انکشافات کے بعد عہدہ پر ان کی برقراری کے تعلق سے بھی بات چیت کریگی یا نہیں ؟ ۔ یہ انکشافات ہوئے ہیں کہ وسندھرا راجے سندھیا نے لندن کی ایک عدالت میں للت مودی کی امیگریشن کی درخواست پر ایک خفیہ گواہی دستاویز پر دستخط کئے تھے ۔ وسندھرا راجے کی امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ سے اس امکانی ملاقات کو اس لئے بھی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ بی جے پی کے کسی بھی مرکزی قائد یا پھر حکومت کے کسی نمائندے نے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران وسندھرا راجے کی مدافعت میں کوئی بیان نہیں دیا ہے جب سے یہ مسئلہ موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وسندھرا راجے سندھیا کل آنند پور صاحب کی 350 سالہ تقاریب میںشرکت کرینگی ۔ ریاستی حکومت کے عہدیدار نے کہا کہ پروگرام کے مطابق وسندھرا راجے کل پنجاب کا دورہ یرنگی ۔ پنجاب کے ذرائع نے کہا کہ وسندھرا راجے کل جئے پور سے آنند پور صاحب کا سفر کرینگی جہاں وہ تقریب میں امیت شاہ اور راجناتھ سنگھ کے علاوہ چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل کے ساتھ ہونگی ۔ وسندھرا راجے نے کل فون پر امیت شاہ سے بات کرکے للت مودی کے تنازعہ میں اپنے موقف کی وضاحت کرنے کی کوشش کی تھی ۔ للت مودی کا خود بھی یہ ادعا ہے کہ برطانیہ میں ان کی امیگریشن کی درخواست کی وسندھرا راجے نے حمایت کی تھی ۔