وسنت ناگیشور راؤ کے فرزند وسنت کرشنا پرساد کی کل وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت

صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرنے ریالی کا اہتمام
حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) سابق وزیر متحدہ آندھراپردیش و قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر وسنت ناگیشور راؤ کے فرزند ممتاز صنعتکار مسٹر وسنت کرشنا پرساد توقع ہے کہ /10 مئی کو حلقہ اسمبلی کیکالورو کے مقام پر صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ مسٹرکرشنا پرساد نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ وہ ضلع کرشنا کے نندی گاما منڈل کی رہائش گاہ سے ایک بڑی ریالی کے ساتھ کیکالورو پہونچیں گے ۔ سال 1999 ء میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں مسٹر کرشنا پرساد نے حلقہ اسمبلی نندی گاما سے کانگریس پارٹی امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیکر ناکام ہوگئے تھے اور پھر سال 2014 ء میں منعقدہ انتخابات میں تلگودیشم سے ٹکٹ کی کوشش کی جس پر حلقہ اسمبلی گنٹور II سے مسٹر کرشنا پرساد کو تلگودیشم پارٹی سے مقابلہ کرنے کی تلگودیشم پارٹی نے ممکنہ کوشش کی ۔ لیکن چند ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر انہیں تلگودیشم ٹکٹ حاصل نہیں ہوسکا ۔ لیکن تلگودیشم پارٹی نے سال 2014 ء کے انتخابات میں حلقہ اسمبلی نندی گاما کے انچارج کی ذمہ داری سونپی تھی جس کی روشنی میں انہوں نے تلگودیشم پارٹی امیدوار مسٹر تنگیرالہ کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اتفاقی طور پر رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسٹر تنگیرالہ پربھاکر راؤ کی اتفاقی موت کے بعد منعقدہ حلقہ اسمبلی نندی گاما کے ضمنی انتخاب میں انہیں کوئی ذمہ داری نہیں دی گئی اور پارٹی سرگرمیوں سے انہیں دور رکھا گیا جس کی وجہ سے مسٹر وسنت کرشنا پرساد نے بالاخر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ۔