گوہاٹی ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وسطی آسام کے 3 اضلاع میں آج 12 گھنٹوں کے بند سے عام زندگی مفلوج ہوگئی جب کہ اضلاع موری گاوں ، کمروپ ( میٹرو ) اور ناگاوں میں آج صبح 5 بجے سے بند منایا گیا جس کے دوران تمام اسکولس ، تعلیمی اور مالیاتی ادارے بند رکھے گئے اور سڑکوں بشمول قومی شاہراہ نمبر 37 سے ٹریفک غائب رہی ۔ آل تیوا اسٹوڈنٹس یونین اور تیوا یوا چھاترا پریشد نے علحدہ تیوا خود مختار کونسل کی تشکیل کے مطالبہ پر اس بند کا اعلان کیا تھا ۔ تیوا (Tiwa) اس علاقہ کا ایک مخصوص نسلی گروپ ہے تاہم جاتی روڈ پر واقع ہندوستان پیپر مل میں کام متاثر نہیں ہوا جہاں پر CISF سیکوریٹی فراہم کی تھی ۔