کریم نگر ۔18مئی ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر فینانس ایٹالہ راجندرا کے قافلہ میں شامل ایک بلٹ پروف کار ضلع کریم نگر میں آج سڑ کے کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی‘ جس کے نتیجہ میں اس کار کو بری طرح نقصان پہنچا ۔ تاہم وزیر فینانس محفوظ رہے ۔ وہ اس کار میں موجود نہیں تھے بلکہ کسی دوسری کار میں سوار تھے ۔ پولیس نے کہا کہ یہ حادثہ مٹ پلی کے قریب وینکٹ راؤ پلی گاؤں میں پیش آیا جس میں کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا‘ البتہ کار کو زبردست نقصان پہنچا ۔ ایٹالہ راجندر بالعموم اس کار میں ہی سفر کیا کرتے ہیں لیکن یہ بھی عجیب اتفاق ہے کہ آج وہ اس بلٹ پروف کار کی بجائے کسی دوسری کار میںسفر کرنے کو ترجیح دی تھی ۔ ایٹالہ راجندر ایک شادی کی تقریب میں روانگی کیلئے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جی ونود کمار کی گاڑی میں سوار ہوگئے تھے کہ وہ کار درخت سے ٹکراگئی ۔ اس حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔