حیدرآباد ۔ یکم جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس حکومت تلنگانہ مسٹر ای راجندر اپنی صحتیابی کے بعد آج طویل مدت کے بعد سکریٹریٹ پہونچے۔ وزیر موصوف کی سکریٹریٹ آمد کی اطلاع پر کئی ایک وزراء نے مسٹر ای راجندر کے چیمبر پہونچ کر ان سے ملاقات کی اور صحت کے تعلق سے دریافت کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر فینانس مسٹر ای راجندر گزشتہ ماہ ضلع کریم نگر کے ایک مقام پر اپنی کار اُلٹ جانے سے سڑک حادثہ میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں حیدرآباد روانہ کرکے یشودھا ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا تھا جہاں وہ کافی دن تک زیر علاج رہے اور پھر چند دن قبل ہی وہ ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوکر اپنی سرکاری قیامگاہ منتقل ہوگئے اور تقریباً صحت یاب ہونے کے بعد آج سکریٹریٹ پہونچے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر ای راجندر نے آج اپنی سکریٹریٹ میں موجودگی کے دوران اعلیٰ عہدیدران محکمہ فینانس کے ساتھ اجلاس طلب کیا اور ان عہدیداروں کے ساتھ مختلف اُمور پر تفصیلی جائزہ لیا اور بعض ضروری ہدایات متعلقہ عہدیداروں کو وزیر موصوف نے دیں۔