تھیلے اور ٹائیلس اٹھائے ، ٹی آر ایس کے جلسہ عام کے لیے رقم جمع کرنے قائدین کی محنت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو نے مزدوری کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ایک دن میں 16.50 لاکھ روپئے کی کمائی کی ہے ۔ واضح رہے کہ سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ورنگل میں جلسہ عام کے انعقاد کے لیے پارٹی کے تمام قائدین کو مزدوری کرنے کی ہدایت دی ہے جس پر تمام وزراء ارکان پارلیمنٹ ارکان اسمبلی ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین نے مزدوری کرتے ہوئے ورنگل جلسہ عام کے لیے کمائی کی ہے ۔ چیف منسٹر کے فرزند ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور بھانجے ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ دختر رکن پارلیمنٹ کویتا کی جانب سے مزدوری کرنے پر انہیں ایک دن کی 5 تا 7 لاکھ روپئے کی کمائی ہوئی ہے ۔ لیکن حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے مزدوری کے معاملے میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایک دن میں 16.50 لاکھ روپئے کی کمائی کی ہے ۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری نے اپنے اسمبلی حلقہ کے مختلف مقامات پر صبح 8 تا شام 4 بجے تک ایک روزہ مزدوری کی ہے ۔ بوئن پلی مارکٹ میں سرینواس یادو تھیلے اٹھاتے ہوئے 5 لاکھ روپئے بیگم پیٹ کے پرکاش نگر میں زیر تعمیر عمارت میں ٹائیلس اٹھائے ۔ جس پر بلڈر نے انہیں ایک لاکھ روپئے مزدوری دی ہے ۔ صنعت نگر کے بائیک کالونی میں مٹی کی صفائی کی جس پر انہیں 50 ہزار روپئے کی مزدوری حاصل ہوئی ۔ لکی ہوٹل میں چائے فروخت کرنے پر ہوٹل کے مالک نے 25 ہزار روپئے دئیے ، پولیس اسٹیشن کے قریب رمنا ٹفن سنٹر پر کام کیا جس سے انہیں 25 ہزار روپئے مزدوری ملی ۔ لودھا اپارٹمنٹ کے قریب صفائی کرنے پر گاندھی پرساد نے 50 ہزار روپئے مزدوری ادا کیا ۔ بی کے گوڑا میں اسپیکٹرم پبلیکیشن کتابوں کی صفائی کی جس پر مالک نے ایک لاکھ روپئے ادا کیا ۔ امیر پیٹ کے علاقے میں ریتی اٹھائی اور دوسرے کام انجام دیتے ہوئے ایک لاکھ روپئے مزدوری حاصل کی ۔ دوپہر میں نکلس روڈ پر واقع جل وہار واٹر زون کے ٹکٹ کاونٹر سے ٹکٹ فروخت کرنے پر جل وہار کے منیجنگ ڈائرکٹر راما راجو نے 2.16 لاکھ روپئے مزدوری دی ۔ مونڈا مارکٹ میں ترکاری اور مٹن شاپ میں مٹن فروخت کرتے ہوئے ایک لاکھ روپئے مزدوری حاصل کی ۔ اس طرح رام گوپال پیٹ میں ساڑیاں ، سونا چاندی فروخت کرتے ہوئے 3.40 لاکھ روپئے مزدوری حاصل کی ۔۔