وزیر خارجہ سشما سوراج کا دورۂ بنگلہ دیش

نئی دہلی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) اپنے اولین بیرونی دورہ کیلئے وزیر خارجہ سشما سوراج بنگلہ دیش روانہ ہوگئیں، وہ بنگلہ دیش کی اعلیٰ سطحی قیادت سے کلیدی باہمی مسائل بشمول سرحدی معاہدہ اور مجوزہ دریائے تیستا معاہدہ پر تبادلہ خیال کرے گی، حالانکہ معاہدوں پر دستخط نہیں کئے جائیں گے اور کوئی بڑا نتیجہ متوقع نہیں ہے، لیکن یہ دورہ جسے غیرسگالی دورہ قرار دیا جارہا ہے اور جس کا مقصد باہمی تعلقات میں پیشرفت ظاہر کیا گیا ہے، جو گزشتہ دو سال سے مثبت راہ پر ہیں۔ ہندوستان کا ادعا ہے کہ وزیر خارجہ خریداری کی فہرست کے ساتھ بنگلہ دیش کے دورہ پر نہیں جارہی ہیں۔ وہ صرف باہمی تعلقات کے موقف کا جائزہ لیں گی اور دیکھیں گے کہ آئندہ برسوں میں کیا توقعات وابستہ رکھی جاسکتی ہیں، تاہم ہندوستانی وفد توقع ہے کہ غیرقانونی نقل مقام اور بازار تک رسائی کے مسائل پر تبادلہ خیال کرے گا۔ بنگلہ دیش بھی ایل بی اے اور مجوزہ دریائے تیستا معاہدہ جیسے مسائل سرسری طور پر اُٹھانے کیلئے تیار ہے۔ نمایاں طور پر بی جے پی کا ترنمول کانگریس اور انسوم گنا پریشد کے ساتھ یہ متحدہ موقف تھا جسے سابق کانگریس حکومت نے زیرالتواء رکھ دیا تھا کہ زمینی سرحد کو باقاعدہ بنانے کا معاہدہ کیا جائے اور بنگلہ دیش کے ساتھ دریائے تیستا کے پانی میں شراکت داری کے معاہدہ پر بھی دستخط ہوجائیں۔ ایل بی اے کو پارلیمنٹ سے ہنوز منظوری حاصل نہیں ہوئی ہے۔