وزیر اعظم نے رازداری کے حلف کی خلاف ورزی کی

کانگریس کا الزام ۔ ارون جیٹلی اور مودی دروغ گوئی بند کریں ‘ جے پی سی تحقیقات کی جائیں ‘ راہول گاندھی کا ٹوئیٹ

رافیل طیاروں کی خریدی کا اسکام
کانگریس کو اقتدار پر فوجداری مقدمات درج کرنے کا اعلان

نئی دہلی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رافیل معاملت پر حکومت کو نشانہ بنانے میںمزید شدت پیدا کرتے ہوئے کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے اس معاملت میں رازداری کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ۔ اس کے علاوہ راہول گاندھی نے وزیر اعظم اوروزیر فینانس ارون جیٹلی سے کہا کہ وہ اس معاملت پر دروغ گوئی بند کریں۔ کانگریس صدر نے آج کہا کہ اب وقت آگیا کہ وزیر فینانس اور وزیر اعظم مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تحقیقات کا اعلان کریں تاکہ اس معاملت کی سچائی کا پتہ چل سکے ۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ملک سے دھوکہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملت میں الزامات کا جواب اپنے وزرا سے دلانے کی بجائے خود دیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا راست الزام ہے کہ وزیر اعظم نے راز داری کے حلف کی خلاف ورزی کی ہے ۔ صرف وہی ہیں جنہوں نے شائد انیل امبانی سے کہا ہو کہ ایچ اے ایل کو اس معاملت سے علیحدہ کردیا جائیگا اور وہ طیارے خریدنے کی معاملت میں پارٹنر ہونگے ۔ انہوں نے شائد انیل امبانی سے کہا تھا کہ وہ رافیل والی فرم سے مذاکرات کریں۔ آنند شرما نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ ہر معاملہ پر لب کشائی کرنے والے وزیر اعظم اب کیوں خاموش ہیں۔ جنہیں اس مسئلہ پر بولنا چاہئے تھا وہی زبان بند رکھے ہیں۔ جب الزامات راست ان پر عائد کئے جا رہے ہیں تو ان کی بجائے کوئی دوسرا نہیں بول سکتا ۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ اب وزیر اعظم و وزیر فینانس کو دروغ گوئی بند کردینا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ارون جیٹلی سچ اور جھوٹ کو تبدیل کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ اب وقت آگیا کہ وہ اور وزیر اعظم دروغ گوئی کا سلسلہ بند کریںا ور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کریں تاکہ اس معاملت کی مکمل اور حقیقی سچائی کو سامنے لایا جاسکے ۔ انہوں نے ایک میڈیا رپورٹ بھی ٹوئیٹ میں ٹیگ کی جس میں کہا گیا ہے کہ کس طرح سے سابق فرانسیسی صدر اولاند کے انکشاف نے رافیل معاملت پر مودی حکومت کو پریشان کیا ہے ۔ آنند شرما نے انتباہ دیا ہے کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئے تو اس معاملت کی مکمل تحقیقات کرواتے ہوئے خاطیوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ نریندر مودی 2019 کے انتخابات میں وزیر اعظم منتخب نہیںہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ حکومت فرانس یا پھر سابق صدر فرانس یا پھر رافیل تیار کرنے والی فرم یہ فیصلہ کرے کہ ہندوستان ایروناٹیکل لمیٹیڈ اس معاہدہ کی پارٹنر نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہوگیا کہ وزیر فینانس ‘ وزیر دفاع اور وزیر قانون ملک کے وزیر اعظم کے دفاع کیلئے ایک دوسرے سے مقابلہ آرائی میں مصروف ہوگئے ہیں جو راست طور پر اس معاملت میں ذمہ دار ہیں اور ان کی بجائے کوئی دوسرا وضاحت نہیں کرسکتا ۔