وزیر اعظم مودی کی تقریر عوام کیلئے مایوس کن ‘ اتم کمار ریڈی

صرف لفاظی پر اکتفا ۔ نوٹ بندی کے مصائب برقرار ۔ مریال گوڑہ میں جلسہ سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( آئی این این ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی نے وزیر اعظم نریندرمودی کی جانب سے نئے سال کے موقع پر کی گئی تقریر کو بالکل مایوس کن قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ صرف زبانی جمع خرچ پر مشتمل تھی اور اس میں عوام کیلئے کچھ بھی نہیں تھا ۔ مریال گوڑہ میں ایک زبردست عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوام کو مودی کی ہفتے کے دن کی گئی تقریر سے کافی امیدیں وابستہ تھیں کیونکہ یہ نوٹ بندی کے 50 دن کی مہلت کے خاتمہ پر کی گئی تھی ۔ یہ مہلت خود وزیر اعظم نے طلب کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوام آدمی کو امید تھی کہ مودی بینکوں سے رقومات نکالنے کی حد کو برخواست کرینگے اور کئی بڑے اعلانات کئے جائیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں کیا گیا ۔ یہ تقریر صرف لفاظی پر مشتمل تھی اور اس میںکچھ بھی نہیں تھا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جو کروڑوں لوگ بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں پر طویل قطاروں میں کھڑے رہے ہیں انہیں امید تھی کہ وزیر اعظم ان کے مسئلہ کا کوئی حل پیش کرینگے ۔ عوام کو ان کی محنت کی کمائی کسی رکاوٹ اور حد کے بغیر بینکوں سے نکالنے کی اجازت دینے کی بجائے وزیر اعظم صرف ایک مبلغ کا رول ادا کر رہے تھے ۔ انہوں نے کالے دھن کے تعلق سے ایک لفظ بھی نہیں کہا ہے اور نہ ہی انہوں نے یہ بتایا کہ نوٹ بندی کی وجہ سے کتنا کالا دھن سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم نے ان افراد کے تعلق سے بھی ایک لفظ تک نہیں کہا جو نوٹ بندی کی وجہ سے فوت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے نوٹ بندی کے اصل مسئلہ سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی اور آئندہ بجٹ تقریر کی ٹریلر پیش کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزْر اعظم اور دوسرے بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ اس عوامی چارٹر کا جواب دیںجو کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ حکومت نے نوٹ بندی کی وجہ سے ہوئے نقصانات کی تلافی کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو نوٹ بندی کی کسی منصوبہ کے بغیر عمل آوری سے ہوئے زندگیوںاور ملازمتوں کے نقصان پر جواب دینے کی ضرورت ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے آنکھیں بند کرکے مرکزی حکومت کے اس اقدام کی تائید کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کے اس فیصلے کی وجہ سے تلنگانہ میں معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام محکمہ جات کی آمدنی اس نوٹ بندی کے فیصلے کی وجہ سے متاثر ہوکر رہ گئی ہے ۔