آئندہ انتخابات میں ریاست و مرکز میں کانگریس اقتدار کا یقین ۔ ایس جئے پال ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 3 جون ( آئی این این ) سینئر کانگریس لیڈر و سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے پٹرول اور ڈیزل قیمتوں میں اضافہ پر مرکز کی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کی ہے ۔ گاندھی بھون میں انجن کمار یادو کے صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس صدر جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جئے پال ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل قیمتوں پر کنٹرول نہیں کیا جا رہا ہے تاکہ کچھ تیل کمپنیوں کو فائدہ پہونچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ یو پی اے حکومت میں وزیر پٹرولیم تھے فیول قیمتوں کو مکمل قابو میں رکھا گیا تھا تاہم انہوں نے کہا کہ عالمی مارکٹ میں تیل قیمتوں میں کمی کے باوجود بی جے پی حکومت اس کے فوائد عام آدمی تک نہیں پہونچا رہی ہے ۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستیں حکومتیں اکسائز اور دوسرے محاصل عائد کرتے ہوئے فیول قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر عام آدمی پر غیر ضروری محاصل کے ذریعہ بوجھ عائد کرنے کا الزام عائد کیا اور انہیں ’ ٹیکس دہشت گرد ‘ قرار دیا ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اکالی دل اور شیوسینا جیسی جماعتیں پٹرولیم اشیا پر محاصل عائد کرنے کی مخالفت کر رہی ہیں حالانکہ وہ این ڈی کا حصہ ہیں۔ تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس مسئلہ پر خاموش ہیں کیونکہ وہ بی جے پی سے خفیہ وفاداری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو نریندر مودی سے انس بھی ہے اور ان کا خوف بھی ہے ۔ انہوں نے کے سی آر ۔ مودی کی دوستی کو ناجائز تعلقات قرار دیا ۔ جئے پال ریڈی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی ریاست اور مرکز دونوں میں برسر اقتدار آجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے مرکزی وزیر شہری ترقیات نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجیکٹ کو منظوری دیتے ہوئے 4000 کروڑ روپئے بھی منظور کئے تھے ۔ سابقہ کانگریس حکومت نے حیدرآباد کیلئے ہزاروں کروڑ روپئے کے پراجیکٹس منظور کئے تھے تاہم ٹی آر ایس کے اقتدار ٖپر آنے کے بعد حیدرآباد کی ترقی تعطل کا شکار ہوگئی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اپنی تقریر میں شہر حیدرآباد میں کانگریس کو تنظیمی طور پر مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی پرانے شہر کی تمام نشستوں سے مقابلہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت جی ایچ ایم سی انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کرچکی ہے ۔