وزیر اعظم مودی سے کے ٹی آر کی دہلی میں ملاقات

حیدرآباد۔/27 جون، (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے آج دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے بیارم میں اسٹیل فیکٹری قائم کرنے اور آئی ٹی آئی آر کے قیام میں تعاون کرنے کے علاوہ تقسیم آندھرا پردیش بل کے تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے نمائندگی کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وزیر اعظم سے ان کی ملاقات تشفی بخش رہی ہے۔ آئی ٹی آئی آر کے قیام میں تیزی پیدا کرنے کی نمائندگی کی گئی۔ اس معاملے میں مرکز سے تعاون حاصل ہوتا ہے تو ترقی میں مزید تیزی پیدا ہوگی۔ تقسیم ریاست بل میں جو وعدے کئے گئے انہیں بھی پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے لئے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ مرکزی حکومت کے10 وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی تجاویز پیش کی گئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسٹیل فیکٹری کے قیام کے معاملے میں مزید تفصیلات طلب کی ہے جنہیں تفصیلات پر مبنی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ مرکز سے اسٹیل فیکٹری کے معاملے میں مثبت ردعمل حاصل ہونے کی امید ہے۔ کے ٹی آر نے اپنے والد چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی جانب سے 15 جون کو وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی جانب سے کی گئی نمائندگی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی اپیل کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بیارم میں اسٹیل فیکٹری کے قیام سے 15 ہزار ایس ٹی طبقات کو روزگار حاصل ہوگا۔