امراوتی 3 نومبر ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے ساتھ دو دن قبل اپنے اتحاد کو قطعیت دینے کے بعد آندھرا پردیش میں برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو ’ انا کونڈا ‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ قومی ادارہ جات کو نگلتے جا رہے ہیں۔ ایک بیان میں تلگودیشم پولیٹ بیورو رکن اور وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم مودی سے بھی بڑا کوئی انا کونڈا ہوسکتا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ مودی سی بی آئی ‘ ریزرو بینک اور ایسے ہی دوسرے قومی ادارہ جات کو نگلتے جا رہے ہیں وہ محافظ کس طرح ہوسکتے ہیں۔ ان ریمارکس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی نے کہا کہ تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کرپشن کے بادشاہ ہیں اور انہیں اندیشہ ہے کہ ان کے کرپشن کا اب پردہ فاش ہوجائیگا ۔ تاہم وائی رام کرشنوڈو نے کہا کہ تلگودیشم کا فوری فریضہ یہ ہے کہ ملک کو بی جے پی سے بچایا جائے ۔ سینئر لیڈر نے کہا کہ ہر کسی کی یہ ابتدائی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک ‘ جمہوریت اور دستوری اقدار کا موجودہ صورتحال میں تحفظ کرے ۔ انہوں نے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے علاوہ جناسینا پر تنقید کی اور کہا کہ یہ جماعتیں صرف اقتدار کی بھوکی ہیں اور نہیں کسی قومی ذمہ داری کی فکر نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی لئے یہ دو جماعتیں مودی کی تائید کر رہی ہیں جو قومی اداروں اور جمہوریت کو تباہ کرتے جا رہے ہیں۔ ریاستی بی جے پی کے صدر کے لکشمی نارائنا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کرپشن کے بادشاہ ہیں اور وہ اپنے تحفظ کیلئے کسی بھی حد تک گرسکتے ہیں۔