وزیر اعظم سے دفعہ 370 کے بارے میں واضح موقف اختیار کرنے عمر عبداللہ کا مطالبہ

سرینگر 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست کو خصوصی موقف کی ضمانت دینے والی دستورکی دفعہ 370 کے بارے میں اپنا موقف واضح کریں۔ انہو ںنے کہا کہ مودی انتخابات کیلئے آرہے ہیں ہمیں امید ہیں کہ وزیر اعظم اس مسئلہ پر انتخابی مہم کے دوران واضح موقف اختیار کریں گے ۔ بحیثیت کشمیری وہ جاننا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم دفعہ 370 کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں مرکز کا (اس مسئلہ پر) کیا ایجنڈہ ہے چیف منسٹر اپنے دادا سابق چیف منسٹر شیخ عبداللہ کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کی مزار پر فاتحہ خوانی کے بعد حاضرین سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس دفعہ کو برخواست کردینے کا دعوی کرتے ہوئے کئی پارلیمانی انتخابات میںحصہ لے چکی ہے لیکن اب اس مسئلہ پر ’’خاموش ‘‘ہے کیونکہ اسے کشمیرکے عوام سے ووٹ حاصل کرنے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام بی جے پی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں تو دفعہ 370 برخواست کردی جائے گی۔