بہار کے امیدواروں کیلئے امتحان سنٹر قریب قائم کرنے کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 31 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے آج وزیر ریلوے پیوش گوئیل کو مکتوب لکھ کر مطالبہ کیا کہ وہ بہار سے تعلق رکھنے والے غریب طلبہ کیلئے ریلوے ایکزام سنٹرس اُن کے آبائی ٹاؤنس کے قریب مختص کردیں ۔ دوردراز علاقوں میں امتحانی مراکز قائم ہونے سے ان امیدواروں کو ذہنی اور جسمانی اذیت کا شکار ہونا پڑ رہا ہے ۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ بہار کے امیدواروں کو اپنے مراکز تک پہونچنے کیلئے 1500 کلومیٹر تک سفر کرنا پڑ رہاہے ۔ 9 اگسٹ کو یہ امتحان منعقد ہورہے ہیں ۔ تیجسوی یادو نے اپنے مکتوب میں مزید لکھا ہے کہ ریلوے امتحان لکھنے والے بہار کے امیدواروں کا زیادہ تر تعلق غریب خاندانوں سے ہے ۔ ان افراد کو ریلوے ٹکٹس کیلئے فی کس تقریباً 2000 تا 3000 روپئے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں ۔ کسی بھی ریاست میں امیدواروں کو ذہنی سکون ملنا ضروری ہے ، اس کے بعد ہی وہ امتحان ہال کیلئے تیار ہوسکتا ہے ۔ لیکن اتنی طویل مسافت طئے کرنے کے باوجود ہر امیدوار ذہنی طورپر منتشر ہوجاتا ہے ۔ انڈین ریلوے کے وقار کو بھی دھکہ پہونچے گا کیونکہ امیدواروں کو اپنے مراکز پہونچنے کیلئے دو دن قبل سے ہی گھروں سے نکلنا پڑے گا اور رہنے اور کھانے پینے کیلئے بھی انھیں پریشان ہونا پڑے گا ۔ بعض صورتوں میں ہفتہ میں ایک ہی ٹرین چلائی جاتی ہے ، ایسے میں امیدواروں کو ایک ہفتہ پہلے ہی اپنا گھر بار چھوڑکر امتحانی مراکز تک پہونچنی کی جدوجہد کرنی پڑے گی ۔