پناجی ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گوا ڈسٹرکٹ کورٹ نے آج سابق ریاستی وزیر فرانسیسکو میکی پاچیکو جوکہ 2006ء حملہ کیس میں سزائے قید سنائے جانے کے بعد سے فرار ہوگئے ہیں، انہیں پکڑنے دہلی میں وزیردفاع منوہر پاریکر کی سرکاری قیامگاہ کی تلاشی کے سلسلہ میں ایک مقامی عدالت کے وارنٹ پر حکم التواء جاری کردیا ہے۔ جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بوسکو رابرٹ کی جانب سے کل 10 اکبر روڈ نئی دہلی میں وزیردفاع کی قیامگاہ کی تلاشی کیلئے وارنٹ کی اجراء کے چند گھنٹوں بعد ڈسٹرکٹ کورٹ جج پی وی سیوالکر نے کل رات مذکورہ وارنٹ پر عمل آوری کو روک دیا۔ ریاستی حکومت یہ اپیل دائر کی تھی کہ وزیردفاع کے قیامگاہ کی تلاشی نہیں لی جاسکتی کیونکہ یہ فوج کی املاک ہے۔ قبل ازیں ایک سماجی کارکن اور وکیل ایریش روڈریگس نے جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس سے رجوع ہوکر یہ الزام عائد کیا تھا کہ گوا پولیس سابق وزیر پچیکو (Paceco) کو پکڑنے میں دلچسپی نہیں لے رہی ہے اور یہ اطلاع ہیکہ وہ نئی دہلی میں منوہر پاریکر کی قیامگاہ میں روپوش ہیں۔ واضح رہیکہ گوا میں بی جے پی کی زیرقیادت حکومت کی ایک حلیف گوا وکاس پارٹی کے سربراہ پیچیکو کو 9 ماہ کی سزائے قید سنائی گئی ہے جن پر سال 2006ء میں محکمہ برقی کے ایک جونیر انجینئر پر حملہ کا الزام ہے۔