وزیرخارجہ سشماسوراج کا ہفتہ کو دورہ بحرین

نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ سشماسوراج ہفتہ کو بحرین کا دورہ کریں گی جہاں وہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت بحرین سے تبادلہ خیال کریں گی۔ تیل کی دولت سے مالامال بحرین کے ساتھ مودی حکومت نئے اقدامات کے ذریعہ معاشی پیداوار کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ وزیرخارجہ سشماسوراج کا خلیجی ملک کو یہ پہلا دورہ ہوگا۔ دورہ کے دوران وہ بحرین کی قیادت سے بات چیت کریں گی اور عالمی و علاقائی مسائل کے علاوہ باہمی مفادات پر تبادلہ خیال کریں گی۔ ہندوستان اور بحرین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔ 2013-14ء میں 1.3 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی ہے۔ بحرین میں زائد از 3 لاکھ 50 ہزار ہندوستانی شہری کام کرتے ہیں۔