کٹھمنڈو ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ ہند سشماسوراج نیپال کی اعلیٰ سطحی قیادت سے اپنے دو روزہ دورہ کٹھمنڈو کے دوران تبادلہ خیال کریں گی۔ دورہ کا آغاز کل سے ہے۔ نیپال میں بائیں بازو اتحاد کی نئی مخلوط حکومت تشکیل دینے سے قبل وزیرخارجہ کے اس دورہ کو اہمیت دی جارہی ہے۔ نیپال میں تین مرحلوں میں صوبائی، مجالس مقامی اور پارلیمانی انتخابات کامیابی کے ساتھ مکمل ہوچکے ہیں۔ نیا دستور تشکیل حکومت کے بعد نافذ کیا جائے گا جس کی تدوین ستمبر 2015 ء میں ہوئی تھی۔ سشماسوراج نئی حکومت کے قائدین سے بھی باہمی دلچسپی کے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی۔ وہ سابق وزیراعظم اے پی اولی سے بھی ملاقات کریں گی۔ اولی نے وزیراعظم مودی کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مبارکبادی کا پیام روانہ کیا تھا۔