ٹیکسٹائیل صنعت کو 6 ہزار کروڑ کا پیاکیج، مرکزی وزیردتاتریہ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 25 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر بی دتاتریہ نے کہا وزیراعظم کا حالیہ فیصلہ آئندہ تین سالوں کے دوران ملک میں ایک کروڑ روزگار مواقع پیدا کرے گا۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ٹیکسٹائیل شعبہ کیلئے 6 ہزار کروڑ خصوصی پیاکیج کے طور پر مختص کئے ہیں، جس سے ٹیکسٹائیل انفراسٹرکچر کو مدد حاصل ہوگی اور فیشن ٹیکنالوجی کا فروغ ہوگا جس کے سبب اوسط اور چھوٹی صنعتوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ 75 فیصد خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ وزیر نے تلنگانہ حکومت سے کہا کہ وہ پرچم پلی، گدوال اور نارائن پیٹ میں ٹیکسٹائیل اور ہینڈلومس صنعت کے فروغ کیلئے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے ضلع ورنگل میں ٹیکسٹائیل صنعت کے قیام کیلئے جلد اقدامات بروئے کار لانے کا تیقن دیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایم بی اے، ایم ٹیک، بی ٹیک نوجوانوں کو روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ اس کام کیلئے ریاستی وزیرصنعت سے بات چیت کی جائے گی۔ ان کی وزارت نے نئے بھرتی شدہ ملازمین کیلئے ایک ہزار کروڑ روپئے ای پی ایف اسکیم کیلئے الاٹ کئے ہیں جبکہ مرکزی حکومت نئے ملازمین کو 12 فیصد حصہ ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد اس کے اطراف و اکناف کاٹے دھن، ناچارام، میاںپور، پٹن چیرو کے چھوٹے صنعتی یونٹس کے انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ فوائد سے استفادہ کی ترغیب دیں گے۔ دتاتریہ نے کہا مرکزی حکومت اوور ٹائم کو 8 گھنٹے تک کرنے اور 10 ملازمین پر مشتمل صنعتی اداروں کو بھی ای پی ایف فوائد دینے پر غور کررہی ہے۔ لیبر بیورو کی جانب سے گھریلو ملازمین بیڑی مزدوروں اور تعمیراتی مزدوروں کے کام کے اوقات پر بھی سروے منعقد کئے جاچکے ہیں۔ وزیر نے کہا آئی ٹی آئیز شعبہ میں 2.26 لاکھ نشستوں کا اضافہ کیا گیا جبکہ اسٹائیفنڈ کی رقم کو تین ہزار سے سات ہزار فی ماہ ان کی وزارت کی جانب سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی ملے پلی حیدرآباد کو اعلیٰ صلاحیتیں بنانے کی غرض سے 10 کروڑ منظور کئے جارہے ہیں۔ پی ایف کے کارکرد اکاونٹس کے متعلقہ مرکزی وزیر نے بتایا 42 ہزار کروڑ کے غیر کارکرد پی ایف اکاونٹس کو نہ صرف کارکرد بتایا گیا بلکہ اس پر شرح سود میں 8.75 فیصد سے 8.90 فیصد کا اضافہ کیا گیا ۔