نئی دہلی ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک صیانتی کوتاہی میں 20 سالہ خاتون مینا راول ساکن صاحب آباد یوپی نے پولیس کے حصار کو توڑتے ہوئے ایک گلدان راجپتھ پر پھینک دیا جہاں سے ایک ہی منٹ قبل وزیراعظم نریندر مودی کا قافلہ گذرا تھا۔ خاتون کو حراست میں لے لیا گیا اور پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن میں تفتیش کی گئی بعدازاں اسے طبی معائنہ کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ یہ خاتون اس ہجوم میں شامل تھیں جسے یہاں سے چلے جانے کیلئے اور وجئے چوک کے قریب فٹ پاتھ پرجمع ہونے کی ہدایت دی گئی تھی کیونکہ وزیراعظم کا قافلہ اس علاقہ سے گذرنے والا تھا اس پر خاتون برہم ہوگئی۔ ڈی سی پی جتن نروال نے کہا کہ خاتون صیانتی حصار میں داخل ہوگئی۔ 3 رکاوٹیں توڑ دیں اور راستہ پر گلدان پھینکا ۔ فوری بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے بموجب یہ خاتون دماغی اختلال کا شکار اور ایک سال سے زیرعلاج ہے۔