نئی دہلی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کے دفتر نے نریندر مودی کے حالیہ دورہ سنگاپور کے اخراجات کا انکشاف کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اخراجات غیرواضع اور بہت وسیع ہیں۔ قانون حق معلومات کے تحت ایک درخواست احمدآباد میں پیش کی گئی تھی اور سنگاپور کے بانی وزیراعظم لی یوان کیو کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے وزیراعظم کے دورہ سنگاپور کے اخراجات کی تفصیلات دریافت کی گئی تھی۔ قبل ازیں جاریہ ہفتہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ قانون حق معلومات کی اہمیت کم کررہی ہے۔ شہریوں کو اب حکومت سے سوال کرنے کا حق نہیں دیا جاتا۔