وزیراعظم کی عوام کو گرپرب پر مبارکباد

نئی دہلی 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے گرو نانک جینتی پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ منصفانہ اور مساوات پر مبنی سماج کیلئے خدمت اور کام کا راستہ اختیار کرنے کا عہد کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ محترم گرونانک دیو جی کے آگے گرو نانک جینتی کے موقع پر اپنا سر جھکاتے ہیں۔ اُن کی زندگی اور تعلیمات ہمیشہ ہمارے لئے وجہ تحریک بنی رہیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم سب کو ہمدردی ، سچائی اور امن کے راستے پر جو گرونانک نے ہمیں بتایا ہے چلنا چاہئے۔ آج کا دن سماجی بُرائیوں کے خلاف اور منصفانہ و مساوات پر مبنی سماج کے قیام کا عہد کرنے اور اِس کے لئے جدوجہد کرنے کا دن ہے۔