نئی دہلی ۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کہا ہیکہ وزیراعظم کی سیکوریٹی کیلئے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط نئے نہیں ہیں لیکن وقفہ وقفہ سے ان کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حال ہی میں اس نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں انتہائی اہم ترین شخصیات کے روڈ شوز کے دوران کئے جانے والے سیکوریٹی انتظامات سے متعلق رہنمایانہ خطوط یا کارکردگی کے معیاری ضابطوں کا اعادہ کیا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ ’’انتہائی اہم ترین شخصیات (وی وی آئی پیز) کی سیکوریٹی سے متعلق رہنمایانہ خطوط کا وقفہ وقفہ سے اعادہ درکار ہوتا ہے۔ یہ رہنمایانہ خطوط ؍ کارکردگی کے معیاری ضابطے نئے نہیں ہیں۔ یہ موجودہ رہنمایانہ خطوط کا اعادہ ہیں اور ان میں وزراء یا دیگر اہم شخصیات کا کوئی واضح حوالہ نہیں دیا گیا ہے‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’اس میں نئی پابندیوں کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور صرف پہلے سے مروجہ پروٹوکول کا اعادہ کیا گیا ہے اور صرف پہلے سے مروجہ پروٹوکول کا اعادہ کیا گیا ہے۔