وزیراعظم کی جانب سے نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کا خیرمقدم

نئی دہلی۔2جون ( پی ٹی آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کا خیرمقدم کیا ہے اور وعدہ کیا کہ نئی ریاست کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے مرکزی امداد کی فراہمی کے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ۔ مسٹر نریندر مودی نے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ملک کی 29ویں ریاست کے پہلے چیف منسٹر بن جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے تلنگانہ عوام کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مسٹر مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا ’’ ہندوستان کو ایک نئی ریاست مل گئی‘ ہم اپنی 29ویں ریاست کی حیثیت سے تلنگانہ کا خیرمقدم کرتے ہیں ۔ آنے والے سالوں میں تلنگانہ ہماری ترقی کے سفر کو ایک نئی طاقت و استحکام فراہم کرے گا ‘‘ ۔ وزیراعظم نے مزید لکھا کہ ’’ مرکز اس ریاست کو ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں پر پہنچانے کیلئے تلنگانہ کے عوام اور حکومت کو بھرپور تائید کا یقین دلاتا ہے ‘‘ ۔

۔
کے سی آر نے سکریٹریٹ میں پجاری کے آشیرواد کے ساتھ جائزہ حاصل کرلیا
حیدرآباد۔2جون ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مجلس وزراء نے آج یہاں اپنا غیررسمی اجلاس منعقد کیا ‘ جس سے کچھ دیر قبل دو پہر ایک بجے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ بلڈنگ میں واقع اپنے دفتر میں پوجا کی اور پجاری سے آشیرواد حاصل کرنے کے بعد عہدہ کا جائزہ حاصل کیا ۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس توقع ہے کہ 9جون سے شروع ہوگا ‘ نئے وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے اس بات کا اشارہ دیا ہے ۔