وزیراعظم کی تین انعام یافتگان سے ملاقات

یروشلم ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تین ممتاز ہندوستانی نژاد اسرائیلیوں سے ملاقات کی جنہیں پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ حاصل ہوچکا ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان گوپال باگلے نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ یہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان جاندار پل ہیں جنہوں نے پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ حاصل کیا ہے جن کے نام ایلی یاہو بیزالیل، شیخ انصاری اور ڈاکٹر لائل انسن بسٹ ہیں۔ انصاری یروشلم میں ہندوستانی ہاسپٹل میں برسرکار ہیں۔ بسٹ ایک نامور امراض سینہ کے سرجن ہیں جنہیں 2017ء میں ایوارڈ دیا گیا تھا۔ حکومت ہند ہندوستانی نژاد بیرون ملک مقیم افراد کو ان کے خصوصی کارنامے پر پرواسی بھارتیہ سمان ایوارڈ عطا کیا کرتی ہے۔

اسرائیل کے قائد اپوزیشن کی وزیراعظم سے ملاقات
یروشلم ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے قائد اپوزیشن ایزک ہرزوگ نے آج وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کیا کہ ہند ۔ اسرائیل تعلقات کے استحکام پر زور دیتے ہوئے قائد اپوزیشن ایزک ہرزوگ نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ وہ اسرائیل کی لیبر پارٹی کے صدرنشین ہیں اور جنرل چائم ہرزوگ کے فرزند ہیں۔ وزیراعظم مودی نے وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے اپنے دورہ اسرائیل کے دوسرے دن ملاقات کرکے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں دن میں صدر اسرائیل نے بھی ان سے ملاقات کرکے باہمی تعلقات کے استحکام پر زور دیا تھا۔