حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( ایجنسیز ) : بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے اس وقت تک چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے ہر جلسہ عام میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر غیر مشروط معذرت خواہی نہ کریں ۔ بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے چہارشنبہ کو میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا ایجنڈہ احتجاجی مظاہرے کرنے کا ہے اور ہمارے کیڈرس کی جانب سے ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ لکشمن نے کہا کہ گذشتہ چار سال سے کے چندر شیکھر راؤ نے مرکز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے دہلی میں ’ لوپروفائیل ‘ اختیار کیا ۔ انہوں نے ریاستی اسمبلی میں وزیراعظم اور مرکزی حکومت کی اسکیمات کی ستائش کی تھی ۔ مرکزی حکومت کی ایک بھی اسکیم پر جیسے سوائیل کارڈس یا اگریکلچر انشورنس اسکیم پر مناسب انداز میں عمل درآمد نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں سے کسانوں کو کوئی مدد نہیں ملی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے قیام کے بعد تقریبا 4 ہزار کسانوں نے خود کشی کی ۔۔